حکومت کا پی ڈی ایم قیادت سے رابطے کا انکشاف، احسن اقبال کی تصدیق

Published On 11 December,2020 03:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ، حکومت نے اپوزیشن سے مذاکرات سمیت دیگر امور پر حکمت عملی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے تین وزراء کے اپوزیشن سے رابطوں کی تصدیق کر دی۔

 حکومتی وزراء کی ٹیم کی جانب سے بھی اپوزیشن قیادت سے رابطوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے رابطوں کی تصدیق کر دی۔ انہوں نے کہا تین وزراء نے اپوزیشن کے چند لوگوں سے رابطہ کیا ہے تاہم مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔

 ذرائع کے مطابق حکومتی ٹیم اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے کوشاں ہے تاکہ کورونا کی خطرناک صورتحال میں جلسے نہ کرنے سے متعلق اپوزیشن سے بات چیت کی جاسکے۔

دوسری جانب اپوزیشن سے مذاکرات سمیت دیگر ایشوز پر حکمت عملی بنانے کے لیے حکومتی ٹیم متحرک ہو گئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو بھی آج اسلام آباد بلا لیا۔ وزیر اعظم سے ملاقات میں گورنر پنجاب سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم تجاویز دیں گے۔ گورنر چودھری محمد سرور کو اپوزیشن حلقوں میں اہم حیثیت حاصل ہے۔

گورنر پنجاب ماضی میں بھی سیاسی مخالف مخالفین سے بات چیت میں مثبت نتائج دیتے رہے ہیں۔ اس سے قبل گورنر پنجاب نے لاہور میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے بھی ملاقات کی۔

 

 

Advertisement