اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ ہر سال سکئینگ سے 80 ارب ڈالر کماتا ہے، پاکستان میں بھی سکئینگ کے بہترین مقامات ہیں۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں سیاحت کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ملک میں غیر منظم سیاحت نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ سیاحتی مقامات کے ایکو سسٹم کو بچانا ہوگا۔
وہ جمعہ کو یہاں ایکو ٹورازم لانچنگ پارٹنرشپ معاہدے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں غیر منظم سیاحت نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ مری اور گلیات کے سیاحتی مقامات پر ناقص منصوبہ بندی سے عمارتیں کھڑی کی گئیں۔ مری میں کنکریٹ کے جنگل نے قدرتی خوبصورتی کو متاثر کیا ہے ،ہمیں ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، اس سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچنا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ ملک میں آج تاریخی ریکارڈ سطح پر سیاحت ہو رہی ہے۔ ملک کے سیاحتی مقامات میں سیاحوں کا رش دیکھنے کو ملتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے شعبے کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہاڑی سیاحت انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ سیاحت کے فروغ سے سکئینگ جیسی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نتھیا گلی بچانے کا سہرا کے پی حکومت کو جاتا ہے،ہم نے مقامی آبادی کو آئی بیکس بچانے کی مہم میں شامل کر کے اسے تحفظ فراہم کیا ہے اور آج ان سیاحتی مقامات پے آئی بیکس کھلے عام پھرتے نظر آرہے ہیں۔ اسی طرح جنگلوں اور درختوں کی کٹائی کی روک تھام میں بھی مقامی لوگوں لوگوں کو شامل کرکے ایکو ٹورازم کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔