کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے ضلع جنوبی میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کاروائیاں جاری ہیں، کلفٹن اور گارڈن میں 7 دکانیں اور 6 ریسٹورنٹس سیل کر دیئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کی ہدایات پر گارڈن، لیاری، سول لائنز میں ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے کیلئے کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران کلفٹن بلاک 2 میں 7 دکانیں سیل کر دیں۔ سسٹنٹ کمشنر گارڈن نے 6 ریسٹورنٹس کو سیل کیا۔ لیاری میں 18 افراد کو ماسک نہ پہننے پر 500 روپے فی کس جرمانہ کیا گیا۔ ریسٹورنٹس اور دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر سیل کیا گیا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 71 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 9 ہزار 80 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 522 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 29 ہزار 291، سندھ میں ایک لاکھ 99 ہزار 706، خیبر پختونخوا میں 53 ہزار 609، بلوچستان میں 17 ہزار 838، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 804، اسلام آباد میں 35 ہزار 441 جبکہ آزاد کشمیر میں 7 ہزار 833 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 61 لاکھ 76 ہزار 889 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 40 ہزار 90 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 96 ہزار 591 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 505 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 71 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہزار 80 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 ہزار 491، سندھ میں 3 ہزار 237، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 502، اسلام آباد میں 381، بلوچستان میں 176، گلگت بلتستان میں 99 اور آزاد کشمیر میں 194 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔