خیبر ٹیچنگ ہسپتال سانحہ: غفلت کے مرتکب افراد کیخلاف چارج شیٹ جاری

Published On 22 December,2020 05:00 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی کمی واقعے کی انکوائری رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ ہسپتال ڈائریکٹر طاہر ندیم کو عہدے سے ہٹانے سمیت غفلت کے مرتکب دیگر 6 افراد کو چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔

خیبر ٹیچنگ ہسپتال کی انکوائری رپورٹ میں سپلائی چین مینجر علی وقاص کو بڑی سزا دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی شب ہسپتال میں آکسیجن کمی کا واقعہ پیش آیا۔ جولائی میں تعینات ہسپتال ڈائریکٹر نے آکسیجن معاملات میں دلچسپی نہیں لی۔ آکسیجن سپلائی کرنیوالے ادارے اور ہسپتال کے درمیان معاہدہ جون 2020ء کو ختم ہو چکا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کنٹریکٹ کی دوبارہ سے تجدید نہیں کی گئی تھی۔

معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش کا رپورٹ سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال واقعہ کی رپورٹ پبلک کر دی ہے۔ وعدے کے مطابق نااہلی کے مرتکب افراد کی نشاندہی ہو چکی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام اداروں کے آفیسرز جان لیں کہ عوامی امور پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انکوائری رپورٹ کے تناظر میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوئی۔ سنگین غفلت کے مرتکب افراد کو چارج شیٹ جاری کر دی گئی ہے۔