پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ صحت کی 400 کے قریب ایمبولینسز ڈرائیوروں سمیت ریسکیو کے سپرد کر دیں، ان کی دیکھ بھال اور بہتری کی جائیگی جبکہ ناکارہ ایمبولینسز کی نیلامی ہوگی۔
صوبائی حکومت کی جانب سے احکامات کے بعد محکمہ صحت نے اپنی تمام ایمبولینس گاڑیاں ڈرائیوروں سمیت ریسکیو محکمے کے سپرد کرنے کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
ریسکیو کے زیر انتظام متعلقہ ہسپتالوں میں سٹیشن قائم کئے جائیں گے، ان میں ایمبولینسز کی دیکھ بھال اور انصرام کا انتظام بھی ہوگا۔ شہریوں نے بھی سرکاری ایمبولینسز کے معیار اور سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کو سراہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایمبولینسز میں سہولیات نہ ہونے سے تشویشناک مریضوں کو ہسپتال پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، حکومت مزید بہتری کے اقدامات اٹھائے۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ ایم ٹی آئی ہسپتالوں سے ایمبولینس گاڑیاں واپس نہیں لی جائیں گی جبکہ ناکارہ ایمبولینسز کی نیلامی کی جائے گی۔