پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن اراکین نے ترقیاتی فنڈز کی عدم دستیابی سمیت دیگر مسائل پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر مشتاق غنی کے زیر صدارت ہوا جس میں اپوزیشن جماعتوں نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں اموات پر حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پلے کارڈ بھی اٹھائے اور وزیر صحت مستعفی ہونے کے نعرے بھی لگائے۔
اپوزیشن ارکان نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے واقعہ کی رپورٹ کو یکسر مسترد کر دیا اور اپوزیشن کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کے لے چھ رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ اپوزیشن ارکان نے اپنے مسائل کے حل کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا بھی اعلان کیا۔
اجلاس میں وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے اعتراف کیا کہ واقعہ کی ذمہ دار حکومت اور وزیر صحت ہیں۔ وزیراعلیٰ جب چاہیں ایک یا دونوں وزارتوں سے مستعفی ہونے کے لئے تیار ہوں۔
اجلاس میں پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن بل، خیبر پختونخوا پولیس ترمیمی بل، ہیلتھ کئیر سروس 2020ء بل ترمیم سمیت کثرت رائے سے منظور کر لی۔