پشاور: (دنیا نیوز) وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خیبرٹیچنگ ہسپتال واقعے میں آکسیجن کی کمی ہی ہلاکتوں کا سبب بنی، ساتوں افراد کو معطل کر دیا گیا۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ جاں بحق افراد کے ورثا کو دس، دس لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے مشیر صحت کامران بنگش کے ہمراہ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال واقعے پر افسوس ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے انکوائری رپورٹ طلب کی تھی جسے 24گھنٹے میں مرتب کرلیا گیا۔ رپورٹ میں سٹاف کی غفلت اور لاپرواہی کو بیان کیا گیا ہے، ہسپتال میں آکسیجن کی کمی ہوئی جس کی بروقت نشاندہی نہیں کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کےمطابق ساتوں افراد کو معطل کر دیا گیا ہے۔
معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ افسوس ناک واقعہ 6 دسمبر کو علی الصبح پیش آیاجس میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔واقعے کے وقت 90 مریض آئیسولیشن میں تھے،بورڈ آف گورنرز نے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کی تاہم وزیراعلیٰ نے پانچ روز کے اندرتفصیلی رپورٹ طلب کی ہے، رپورٹ آنے کی صورت میں مزید فیصلے کرینگے، اجلاس میں جاں بحق افراد کے ورثا کو10لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔