خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی، آکسیجن ختم ہونے پر 6 مریض دم توڑ گئے

Published On 06 December,2020 03:33 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور انتظامیہ کی نااہلی سے کئی زندگیوں کے چراغ گل ہو گئے۔ آکسیجن ختم ہونے پر 6 زیر علاج مریض دم توڑ گئے، مرنے والوں میں پانچ کورونا مریض شامل ہیں، ترجمان کے ٹی ایچ نے دعویٰ کیا ہے کہ آدھے گھنٹے میں آکسیجن بحال کر دی گئی تھی۔

رات گئے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن سپلائی ختم ہونے سے کورونا سے متاثرہ 6 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ترجمان خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے مطابق اکسیجن کی سپلائی وقت پر نہ ہونے کے باعث یہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔

دوسری جانب مریضوں کے لواحقین کا کہنا تھا کہ یہ پہلی دفعہ نہیں، اس سے پہلے بھی ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔ واقعے کے بعد وزیر صحت کے پی نے ہسپتال انتظامیہ سے اگلے 48 گھنٹوں میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کو فوری تحقیقات اور کارروائی کی ہدایت کر دی، انکوائری اطمینان بخش نہ ہوئی تو حکومت خود تحقیقات کرے گی، کیس کے تمام حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔