توہین عدالت کیس: فواد چودھری، فروغ نسیم، شہزاد اکبر آئندہ سماعت پر طلب

Published On 26 November,2020 03:42 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں وفاقی وزراء فروغ نسیم، فواد چودھری سمیت معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور شہزاد اکبر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

جسٹس روح الامین اور جسٹس اعجاز انور نے پشاور ہائیکورٹ میں وفاقی وزراء اور معاونین خصوصی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پرویز مشرف فیصلے کے بعد ان تمام افراد نے پریس کانفرنس کی تھی، پریس کانفرنس میں توہین آمیز ریماکس دیئے گئے تھے۔

جسٹس روح الامین کا کہنا تھا کہ جنہوں نے توہین عدالت کی ہے وہ آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ فریقین کی طرف سے کیس پر بحث کریں گے۔ جس پر جسٹس روح الامین کا کہنا تھا کہ توہین عدالت جس نے کی وہ خود پیش ہو جائیں پھر آپ کو بھی سنیں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وفاقی وزراء اور معاون خصوصی کو خود پیش ہونے کا حکم دیا۔

خیال رہے پرویز مشرف کیس کے فیصلے کے بعد وفاقی وزیرفروغ نسیم، فواد چودھری، فردوس عاشق اور شہزاد اکبرنے پریس کانفرنس کی تھی۔
 

Advertisement