پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن ختم ہونے سے 2 بچوں سمیت 4 مریض دم توڑ گئے۔ ترجمان کے ٹی ایچ کا کہنا ہے کہ آدھے گھنٹے میں آکسیجن بحال کر دی گئی تھی۔ حکومت نے انکوائری کا حکم دے دیا.
پشاور کے خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں رات گئے افسوس ناک واقعہ پیش آیا جس میں آکسیجن ختم ہونے سے وینٹی لیٹرز اور آئی سی یو میں زیرعلاج 4 مریض دم توڑ گئے، مرنے والوں میں 2 بچے اور کورونا کے 2 مریض شامل ہیں۔ ترجمان خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور فرہاد خان نے بتایا کہ آکسیجن 30 منٹ میں بحال کر دی گئی تھی۔
وزیر صحت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن کی فراہمی میں کمی سے واقعہ ہوا، بورڈ آف گورنرز کو فوری تحقیقات اور کارروائی کی ہدایت کر دی، انکوائری اطمینان بخش نہ ہوئی تو حکومت خود تحقیقات کرے گی، کیس کے تمام حقائق منظر عام پر لائے جائیں گے۔