'پی ڈی ایم کے استعفوں کا امکان نہیں، اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی'

Published On 24 December,2020 01:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے استعفوں کا امکان نہیں، اپوزیشن سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی، ایم کیو ایم اتحادی جماعت ہے، ناراض نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی مدت کب ختم ہوگی یہ نہیں معلوم، مولانا فضل الرحمان فساد کی اصل جڑ ہیں، 20 افراد کی فہرست میں مولانافضل الرحمان کا نام ٹاپ پر ہے، ملک اور جمہوریت پر رحم کریں، میرے خیال میں پی ڈی ایم پارلیمنٹ سے مستعفی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاسپورٹ کیلئے تاریخی فیصلے کیے ہیں، آج سے پاسپورٹ ایس ایم ایس سروس شروع کر رہے ہیں، کل سے 10 سال کیلئے پاسپورٹ 3 ہزار فیس میں ملے گا، آن لائن پاسپورٹ میں کچھ وقت لگے گا، یکم جنوری سے پوری دنیا میں ای سروس شروع کر رہے ہیں، وزیراعظم نے ہمیں 120 دن کا ٹارگٹ دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بلیک لسٹ میں ایک لاکھ کے قریب لوگ ہیں، جنہیں 25 ہزار تک لایا جائے گا، جرائم میں ملوث لوگوں کے علاوہ باقی کو بلیک لسٹ سے نکالا جائے، سمگل شدہ پٹرول کی فروخت بند کر دیں، ورنہ پمپس بند کر دیں گے۔
 

Advertisement