اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اور لونگ مارچ میں فرق ہے، پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی، استعفوں پر دوبارہ غور بھی ہوگا، آصف زرداری نے کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مراد علی شاہ نے وزیراعظم بلاول کا نعرہ لگایا، اگر آپ کو انڈر 19 کے ساتھ ہی کھیلنا ہے تو دوسروں کے حال پر رحم کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ استعفوں کا کوئی مطلب نہیں ہوتا، ہاتھ سے لکھ کر دیں، اچھی بات ہے یہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے، آپ دیکھیں گے یہ استعفے بھی نہیں دیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سب لوگوں کی لڑائی عمران خان سے زیادہ نیب سے ہے، آصف زرداری نے جیلوں میں زیادہ زندگی گزاری، انہوں نے کرمنالوجی میں پی ایچ ڈی کی ہے، آصف زرداری نے جیلیں بھرنے کی بات کی، ان کو علم ہے جیل کے اثرات سے بچنے کیلئے کیا کرنا ہوتا ہے، آصف زرداری نے جیلوں سے زیادہ وقت ہسپتال میں گزارا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ابھی میٹنگ نہیں کی کہ ان کیلئے استقبالیہ کیمپ کب اور کہاں لگانے ہیں، یہ گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہیں، وزیراعظم کا ایک ہی مؤقف ہے، مذاکرات ہوں یا نہ ہوں این آر او نہیں ملے گا، ان کی لڑائی ہے کہ منظور پاپڑ والا اور باقی کیسز بھول جاؤ۔