شہباز شریف بھائی کے وفادار نہ ہوتے تو آج وزیراعظم ہوتے: مریم نواز

Published On 26 December,2020 12:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ جعلی حکومت سے مذاکرات ہوں گے نہ ہی اسے این آر او دیں گے، حکومت پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہی ہے، حکمران کچھ بھی کرلیں اب انہیں گھر جانا ہوگا، شہباز شریف بھائی کے وفادار نہ ہوتے تو آج وزیراعظم ہوتے، علی درانی سے پہلے حکومتی وزرا کے پیغامات ملتے رہے، جیل میں ملاقات کیلئے دیگر لوگوں کا آنا حیران کن ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کیلئے جان کی قربانی دی، شہید بی بی نے میثاق جمہوریت دیا، میثاق جمہوریت کے بعد پاکستان کی تاریخ تبدیل ہوگئی، میثاق جمہوریت کو سیاسی جماعتیں آگے لے کر بڑھیں گی، پاکستان کو اس وقت اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنے بھائی کے ساتھ وفادار ہیں، وہ پارٹی اور بھائی سے وفادار نہ ہوتے تو آج وزیراعظم ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی کے بھی 95 فیصد استعفے موصول ہوچکے، مرتضیٰ جاوید، سجاد اعوان حیران ہیں استعفے سپیکر تک کیسے پہنچ گئے، 31 دسمبر تک استعفے پارٹی قیادت کو جمع کرانے ہیں، بلاول جلسے میں نہیں آتے تو کہا جاتا ہے پی ڈی ایم میں دراڑ پڑ گئی، سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق فیصلہ پی ڈی ایم کریگی۔
 

Advertisement