لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند بڑھ گئی۔ موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔
ملک کے مختلف علاقوں میں جاڑے کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ خانقاہ ڈوگراں، پنڈی بھٹیاں، گوجرانوالہ، گجرات سیالکوٹ میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہنے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، قومی شاہراہ پر اوکاڑہ، چیچہ وطنی اور دیگر کئی علاقوں میں شدید دھند سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند میں شہری بغیر ضرورت سفر سے گریز کریں۔ دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کرنا پڑگیا۔ پروازوں میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کر دی۔