کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری وفاق میں شمولیت سے کرپٹ اور مفاد پرست ٹولہ اقتدار میں آنے سے دور ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو بھی ‘’سلیکٹڈ’’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیشہ اقتدار میں رہنے والوں نے کراچی کیلئے کچھ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایم کیو ایم کے ووٹوں کی وجہ سے قائم ہے۔ ایم کیو ایم کو عوامی مفاد میں فیصلے کرنا ہونگے۔
بلاول بھٹو کے بیان پر ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے پچاس برس سے پیپلز پارٹی اور ایک خاندان نے سندھ کو برباد کیا۔ بلاول بھٹو پی ڈی ایم میں وعدہ کرکے استعفیٰ نہ دینے کی مجبوری بتائیں؟
ایم کیو ایم ترجمان نے کہا کہ بلاول چیئرمین سینیٹ کو دیئے جانے والے ووٹوں کی اپنی مجبوری بتائیں۔ انھیں ایم کیو ایم سمجھ نہیں تو دو روز قبل کس منہ اپنا جماعت کا وفد بھیجا تھا؟ چند ماہ قبل بلاول بھٹو کی ایم کیو ایم کو دو وزارتوں کی پیشکش کس سازش کا حصہ تھی؟ مردم شماری میں کراچی کے ساتھ ناانصافی ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے شروع ہوئی۔