کراچی: (دنیا نیوز) مردم شماری کے معاملے پر ناراض ایم کیو ایم کو منانے تحریک انصاف کا وفد بہادر آباد پہنچ گیا۔ متحدہ نے مردم شماری دوبارہ کرانے کا مطالبہ کردیا۔
تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے آئندہ مردم شماری شفاف ہونے کا یقین دلایا۔ سندھ اسمبلی کی تین خالی نشستوں پر مل کر انتخاب لڑنے پر بھی غور کیا گیا۔
تفصیل کے مطابق سیاست میں ایم کیو ایم پاکستان پھر اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف کے وفد نے ایم کیو ایم مرکز کا دورہ کیا۔
تاہم ایم کیو ایم پاکستان نے وفد کے سامنے مردم شماری پر تحفظات اور نئی مردم شماری کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر فیصل سبزواری نے پیپلز پارٹی کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے پارٹی کا جھکاؤ بھی واضح کر دیا۔
فردوس شمیم نے بھی موقع جانے نہ دیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی تو ختم ہو گئی۔ اب تو زرداری لیگ بچی ہے۔ 2017ء کی مردم شماری کو غلط قرار دیتے ہوئے آئندہ مردم شماری کی شفافیت کےلیے اقدامات کا یقین دلایا۔
اہم ملاقات میں سندھ اسمبلی کی تین نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں مشترکہ امیدوار لانے پر بھی غور کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے وفد میں حلیم عادل شیخ اور خرم شیر زمان بھی موجود تھے۔