'سانحہ مچھ بہت گہرا زخم، سیاست کرنے نہیں، ہزارہ برادری کا دکھ بانٹنے آئے ہیں'

Published On 07 January,2021 04:54 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں آج آپ کیساتھ کھڑا ہوں۔ میں ہزارہ برادری کے دکھ میں آپ کیساتھ شریک ہونے آیا ہوں، یہ سیاست نہیں ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسا ملک اور ایسی دھرتی ہے جہاں لاشوں کو بھی احتجاج کرنا پڑتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میں اپنے ہزارہ بہن بھائیوں سے کیا کہہ سکتا ہوں اور کیا بتا سکتا ہوں۔ ہماری حکومت چلی گئی، دوسری حکومت آگئی، آپ پھر سے شہیدوں کیساتھ احتجاج کر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جب آپ نے 100 لاشوں کے ساتھ احتجاج کیا تو ہم نے حکومت کو برطرف کر دیا تھا۔ اب خان صاحب کی حکومت ہے، پھرسے آپ شہیدوں کے ساتھ احتجاج کر رہے ہیں۔ آپ کا مطالبہ ایک ہی ہے کہ ہزارہ کے بھائیوں کو جینے دو۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ محسوس ہو رہا ہے کہ ہمارا خون سستا ہے۔ 1999ء سے لے کر آج تک 2000 ہزارہ برادری کے لوگ شہید ہو چکے ہیں لیکن آج تک ایک شہید کو بھی انصاف نہیں ملا۔ ان کے شناختی کارڈز دیکھ دیکھ کر قتل عام کیا جاتا ہے۔ ریاست سے اپیل ہے کہ وطن سے محبت کرنے والوں کو انصاف دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میرا تعلق بھی شہید خاندان سے ہے۔ ہم بھی آج تک اپنے شہیدوں کو انصاف نہیں دلا سکے۔ میرا وعدہ ہے کہ آپ بھی ہمارے بھائی، جب تک زندہ ہوں، ساتھ دوں گا۔
 

Advertisement