سانحہ مچھ میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچائیں گے، گورنر پنجاب

Published On 07 January,2021 11:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ حکومت کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، سانحہ مچھ میں ملوث عناصر کو انجام تک پہنچائیں گے۔

تفصیل کے مطابق سانحہ مچھ کیخلاف مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج جاری ہے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی اظہار یکہتی کے لئے دھرنے میں آئے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ مچھ میں قتل عام ہوا، حکومت انصاف فراہم نہیں کر رہی، جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے، دھرناجاری رکھیں گے۔ گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے میں گورنر نے شرکا کے ساتھ اظہار غم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے آیا ہوں، یہ بہت ظلم کی بات ہے کہ ہزارہ کیمونٹی میں دہشتگرد ہر چند ماہ بعد قیامت برپا کر دیتے ہیں، ایسا کرنے والے ملک اور اسلام کے دشمن ہیں۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ ہم ہرگز ایسے عناصر کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہم مل کر ایسے عناصر کو انجام تک پہنچائیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمارے شہدا کے درجات بلند کرے۔

چودھری سرور نے کہا کہ ہزارہ برادری اس ظلم کے باوجود پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتی ہے۔ پنجاب کے عوام بھی ہزارہ برادری کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہزارہ برادری پر ہونے والا ظلم رکوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ عمران خان کوئٹہ جائیں گے، وہ ہزارہ برادری کے غم میں شریک ہیں، کسی صورت میں بے انصافی برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ میں بھی کوئٹہ جاؤں گا۔ جو بھی لوگ اس میں ملوث ہیں ان کو سخت ترین سزا دلوائیں گے۔
 

Advertisement