وزیراعظم عمران خان کے دورہ کوئٹہ سے متعلق فیصلہ نہ ہو سکا

Published On 07 January,2021 07:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد کے ہاتھوں 11 کان کنوں کو بے دردی سے قتل کر دینے کے بعد ہزارہ برادری کی طرف سے کوئٹہ میں دیئے گئے دھرنے میں شرکاء سے ملاقات کے لیے وزیراعظم عمران خان کی روانگی سے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سینئر وفاقی وزراء کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سانحہ مچھ کے حوالے سے بریفنگ دی، اجلاس میں آئندہ سینیٹ انتخابات پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ اجلاس میں مثبت معاشی اعشاریوں پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں ہزارہ برادری کےتمام تحفظات دورکریں گے: وزیراعظم عمران خان

ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں ہونے والے ہزارہ برادری کے دھرنے میں وزیراعظم کی روانگی کا کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومتی قواعد کے مطابق متاثرین کی مالی امداد کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارت داخلہ مستقبل میں ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے کے تدارک کے لیے مستقل حل نکالے، ہزارہ برادری کے تحفظ کے لیے خصوصی سیکیورٹی میکنزم بنایا جائے، بلوچستان میں امن ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔

Advertisement