اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی کے تمام مطالبات تسلیم کرچکے، آپ شہدا کی تدفین کریں، آج ہی کوئٹہ آجاؤں گا، وزیراعظم کے آنے سے مشروط کر کے بلیک میل نہیں کیا جاسکتا، ڈھائی سال سے ڈاکوؤں کا ٹولہ حکومت کو بلیک میل کر رہا ہے۔
سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہزارہ کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے، جتنا ظلم ہزارہ کمیونٹی پر ہوا پاکستان میں کسی پر نہیں ہوا، ہمارے ملک میں ہزارہ کمیونٹی پر سب سے زیادہ ظلم ہوا، نائن الیون کے بعد ہزارہ کمیونٹی کو ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا، بھارت پاکستان کیخلاف سازش کر رہا ہے۔
دوسری جانب سانحہ مچھ کے متاثرین کا غم کم نہ ہو سکا۔ کوئٹہ میں مچھ واقعہ کے خلاف ہزارہ برادری کا لاشوں کے ساتھ دھرنا چھٹے روز میں داخل ہو گیا، شہدا کمیٹی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا جبکہ شرکاء بھی وزیراعظم عمران خان کی آمد تک میتوں کی تدفین سے انکاری ہیں۔
گزشتہ روز ملک کے مختلف حصوں سے سیاسی قیادت دھرنے کے شرکا سے یکجہتی کے لئے پہنچی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کراچی سے کوئٹہ پہنچے اور دھرنے میں شرکت کی، یوسف گیلانی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ساتھ تھے، بلاول بھٹو سمیت پی پی قیادت نے لواحقین سے تعزیت کی۔
مریم نواز کی قیادت میں نواز لیگ کا وفد بھی کوئٹہ دھرنے میں پہنچا۔ انہوں نے ہزارہ برادری کے رہنماؤں سے مچھ واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیا، خواتین کو بھی دلاسہ دیا، احسن اقبال، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، رانا ثناء اور دیگر رہنما بھی لیگی وفد میں شامل تھے۔ جے یو آئی کے رہنما عبدالغفور حیدری نے بھی دھرنے میں متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔
ادھر کراچی میں بھی سانحہ مچھ سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر کے 30 مقامات پر احتجاجی دھرنے جاری ہیں، دھرنوں کے باعث شہر کی مین شاہرایں
بلاک ہیں۔ گھروں سے نکلنے والے شہری سڑکوں پر رل گئے۔
شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، ایم اے جناح روڈ سمیت آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر پر ٹریفک معطل ہے۔ مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر جاری ہے جبکہ کورنگی، ناظم آباد، گلستان جوہر، سٹیل ٹاؤن، عائشہ منزل، سرجانی ٹاون، شاہ فیصل کالونی، ملیر، کورنگی انڈسٹریل ایریا سمیت تیس مقامات پر بھی چند مظاہرین نے سڑکیں بند کر رکھی ہیں۔