لورالائی: (دنیا نیوز) فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے، جلد اسلام آباد آرہے ہیں، ان کو چلتا کریں گے، یہ دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں کہ یہ چور ہیں اور وہ خود چور ہیں، پاکستان کو افغانستان نہ بنایا جائے۔
لورالائی میں پی ڈی ایم کے جلسے سے فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جنگ پاکستان میں جمہوری فضاؤں کی بحالی کیلئے ہے، ہم نے فیصلہ کن جنگ لڑنی ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے، یہ موجیں مارتا سمندر کوئی مقاصد، کوئی نظریہ رکھتا ہے، آج فیصلہ کن وقت آگیا، عمران خان کو جانا ہی ہوگا۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہا گیا مودی کامیاب ہو جائے تو کشمیر کا مسئلہ حل ہو جائے گا، مودی کامیاب ہوگیا، مسئلہ حل ہوگیا، اس نے کشمیر پر قبضہ کرلیا، ہم نے پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دینا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں میں خود اعتمادی نام کی چیز نہیں، آج ہماری مدد کرنیوالا کوئی نہیں، پڑوسی ملک ہمارا ساتھ نہیں دے رہا، افغانستان ہمارا ساتھ دینے کیلئے تیار نہیں، چین پاکستان سے ناراض ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کی معیشت ترقی کر رہی، ایران کی معیشت ہم سے طاقتور ہے، پورے خطے میں ایک پاکستان ہے جس کی معیشت ڈوب رہی ہے، ملکی معیشت کا کباڑا کر دیا، خدا جانے کیسے ٹھیک ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں بھارت، یورپ، اسرائیل سے پیسہ آیا، یہ پیسے کہاں سے آئے، الیکشن کمیشن حساب تو لے، آج تمہاری پارٹی کا بانی رکن الیکشن کمیشن میں جا جا کر تھک گیا۔
فضل الرحمان نے کہا کہ 18 ویں ترمیم میں صوبوں کو حقوق دیئے گئے ہیں، ہم دوبارہ صوبوں کا حق مرکز کو دینے کو تیار نہیں، آئین کہتا ہے صوبے کے حصے میں اضافہ ہوسکتا ہے، کمی نہیں، ہماری جنگ پارلیمنٹ کی خود مختاری اور قانون کی عملداری کیلئے ہے۔