ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کا ملک بھر میں نئی مردم شماری کرانے کے فیصلے پر اتفاق

Published On 16 January,2021 07:42 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف نے ملک بھر میں نئی مردم شماری کرانے کے فیصلے پر اتفاق کر لیا، گورنرسندھ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ میں وفاقی وزیر امین الحق کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں تحریک انصاف کے وفد کی بہادرآباد میں ایم کیو ایم مرکز آمد ہوئی، کنوینرمتحدہ قومی موومنٹ ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی اراکین سے ملاقات کی۔

میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آج دونوں جماعتوں نے دوبارہ مردم شماری کرانے کے فیصلے کی تجدید کی ہے۔ مردم شماری کے معاملے پر جو کچھ نہیں کر سکے کم سے کم وہ احتجاج ہی کر لیں، جس جماعت نے مردم شماری کے خلاف پیٹیشن داخل کر کر واپس لے لی اب وہ کس منہ سے احتجاج کر رہے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ مردم شماری جلد ہوگی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ مردم شماری پچھلی حکومت کے دور میں ہوئی تھی۔ جس پر سوالات اٹھے۔ امین الحق کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی ہے جس کی سفارشات پر حکومت اقدمات اٹھائے گی۔