یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

Published On 22 January,2021 10:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ رمضان المبارک تک قیمتوں کے حوالے سے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔ عوامی نمائندے شہریوں کی فلاح کیلئے اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ سات ہفتوں میں پیاز، ٹماٹر اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ آئندہ کچھ ہفتوں میں گھی کی قیمتوں میں بھی کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

وزیرِاعظم عمران خان سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے پارلیمانی ممبران نے بھی ملاقات کی اور حلقوں کے مسائل پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوامی نمائندے شہریوں کی فلاح کیلئے اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرے گی۔ چاہتے ہیں کہ اراکین سینیٹ شفاف طریقے سے منتخب ہو کر آئیں۔

ابوظہبی گروپ کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں۔ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی۔

 

Advertisement