اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت سوشل میڈیا رولز میں نظر ثانی کرنے پر تیار ہوگئی۔ اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کر دیا۔ عدالت نے پی ٹی اے اور سٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں سوشل میڈیا رولز کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنا مسئلے کا حل نہیں، یہ رولز حرف آخر نہیں، اسٹیک ہولڈرز تجاویز دے سکتے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا کہ لگ رہا ہے پی ٹی اے نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی، مشاورت کی جائے تاکہ کوئی ابہام ہی نہ رہے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد رپورٹ پیش کروں گا، عدالتی معاونت کیلئے وقت دیا جائے۔
عدالت نے کہا اسٹیک ہولڈرز کو بلا کر سننا مناسب تجویز ہے، اٹارنی جنرل رپورٹ پیش کریں گے تو بہتر چیز سامنے آئے گی، اٹارنی جنرل نے کہہ دیا اسٹیک ہولڈرز کو سننے کیلئے تیار ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا رولز سے متعلق کیس کی سماعت 4 ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔