لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے ناراض رکن خواجہ داؤد سلیمانی نے سینیٹ الیکشن میں اپنا امیدوار لانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم خیال گروپ جلد متفقہ فیصلہ کرے گا، ہمارے مطالبات ذاتی نہیں ہیں۔
تفصیل کے مطابق سینیٹ محاذ سے قبل پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ نے ایک بار پھر گلے شکوے شروع کر دیئے ہیں۔ سپیکر چودھری پرویز الہیٰ کی جانب سے کروائی گئی صلح بھی کام نہیں دکھا سکی ہے۔
ہم خیال گروپ کے ناراض رکن خواجہ داؤد سلیمانی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ کے بھائی اپنے حلقے کے اندر حد سے زیادہ کرپشن کر رہے ہیں۔
جس طرح ترقیاتی کام وزیراعلیٰ کے حلقے میں ہو رہے ہیں، ہمارے حلقے میں بھی کروائے جائیں۔ ہم نے اپنا اجلاس بلا لیا ہے جس میں متفقہ فیصلہ کریں گے۔
پی ٹی آئی کے ناراض رکن اسمبلی نے کہا کہ اگر ہم نے استعفے دینے ہیں تو متفقہ دیں گے۔ اگر سینیٹ الیکشن میں امیدوار دینا ہے تو پھر اپنا نام دیں گے۔ اگر فیصلہ نہ ہوا تو پھر سینیٹ الیکشن میں کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔
خواجہ داؤد سلیمانی نے مزید کہا کہ کسی بھی صورت ہم اپنی جماعت سے دھوکہ نہیں کریں گے۔