خاندانی وراثت پر قائم سیاست کا انجام پی ڈی ایم جیسا ہی ہوتا ہے: شبلی فراز

Published On 27 January,2021 12:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ خاندانی وراثت پر قائم سیاست کا انجام پی ڈی ایم جیسا ہی ہوتا ہے، اپوزیشن اتحاد کی بربادی کے ذمہ داران دو نومولود سیاسی وارث ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان بناتا رہے گا، سیاسی مخالف اپنی پارٹیاں تباہ کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب معاون خصوصی شہباز گل نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ عمران خان کے وژن کی وجہ سے 6 سال میں بلین ٹری منصوبے کی بدولت ماحول میں حقیقی تبدیلی آنا شروع ہوگئی، ماضی میں پاکستان کو 10 پرسنٹ، پاناما، پنٹ ہاؤس پائرٹس اور کرپشن کے گڑھ کے طور پر یاد کیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان اگلے الیکشن کا سوچتا ہے جبکہ لیڈر اگلی نسل کے مستقبل کا ضامن ہوتا ہے، وزیراعظم نے اپنے فیصلوں سے ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی لیڈر ہیں، آج عمران خان پاکستان کے اچھے امیج کی وجہ ہیں، عوام پہچان چکے ملک کو مثبت راہ پر لانے کیلئے کون مصروف عمل ہے اور کون اپنی کرپشن بچانے کیلئے دشمن کے ہاتھوں میں کٹھ پُتلی بنا ہوا ہے۔
 

Advertisement