جسٹس (ر) عظمت سعید منتخب حکومت کیخلاف سازش کا حصہ تھے: مریم نواز

Published On 27 January,2021 03:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) شیخ عظمت سعید منتخب حکومت کے خلاف سازش کا حصہ تھے، بہتر ہے وہ کمیشن کی سربراہی سے معذرت کرلیں، یہ براڈ شیٹ نہیں فراڈ شیٹ ہے، پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالنے کی حکومتی خواہش پوری نہیں ہوسکتی، حکومت کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔

 پاکستان مسلم لیگ نون کی رہنما مریم نواز نے کھوکھر برادران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھوکھر برادران کے ساتھ زیادتی کی گئی، سب سے بڑا قبضہ مافیا موجودہ حکومت ہے، وزیراعظم ہاؤس اور پاکستان پر قبضہ کرنیوالے سب سے بڑے مافیا ہیں، الیکشن میں ڈاکہ ڈالنے والوں سے بڑا قبضہ مافیا کون ہوگا ؟ حکومت کی کرپشن کے سکینڈل سامنے آ رہے ہیں، ایک دن تو آئے گا جب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کھوکھر برادران کے گھروں پر آدھی رات کو دھاوا بولا گیا، عمران خان کھوکھر پیلس کیخلاف آپریشن کو مانیٹر کرتے رہے، کھوکھر برادران کے حق میں عدالت کا فیصلہ آگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 4 سال سے ظلم برداشت کرتے آ رہےہیں، نواز شریف کا ساتھ نہ چھوڑنے والوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ یہ ن لیگ کے بجائے اپنی پارٹی پر توجہ دیں، آئندہ الیکشن میں کوئی بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ لینے کو تیار نہیں ہوگا، ن لیگ آج بھی پوری آب و تاب کےساتھ کھڑی ہے، پی ٹی آئی ون مین شو پارٹی ہے، حکومت نے تمام ہتھکنڈے آزما لیے، انہیں کچھ نہیں ملا، پی ڈی ایم میں ہر جماعت کا اپنا منشور اور ایجنڈا ہے، پی ڈی ایم ایک اتحاد ہے، حکومت کی امید دم توڑتی نظر آتی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پی ڈی ایم اجلاس میں بات ہوگی، بلاول بھٹو پی ڈی ایم اجلاس میں اپنی تجویز رکھیں، لانگ مارچ پر اتفاق رائے ہے، حکومت اپنی حرکتوں کی وجہ سے 5 سال پورے نہیں کرے گی، حکومتی نا اہلی اور نالائقی سے پاکستان کو رسوائی کا سامنا ہے، میری ہمدردیاں بیورو کریسی کے ساتھ ہیں۔

Advertisement