کراچی: (دنیا نیوز) مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ ہی پی ٹی آئی کا اصل چہرہ ہے، پیپلزپارٹی ہمیشہ سے کہتی ہے یہ حکومت کرپٹ ترین ہے، ماضی میں عمران خان خود ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مثالیں دیا کرتے تھے۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں اضافہ اپوزیشن نہیں بلکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مصدقہ رپورٹ ہے، سلیکٹیڈ حکومت نے دیانتداری کا صرف لبادہ اوڑھ رکھا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت اے ٹی ایم کو فائدہ اور عوام کو نقصان پہنچاتی ہے، موجودہ دور حکومت میں پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر تشخّص خراب ہو رہا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پاکستان مسلم لگی نون مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کے دور میں پاکستان کرپشن میں 120 سے 124 ویں نمبر پر آگیا، یہ ہے صاف چلی شفاف چلی کی اصل حقیقت، 2019 کے مقابلے میں 2020 میں پاکستان میں کرپشن 4 درجے بڑھ چکی ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے چینی، آٹا، ادویات، ایل این جی چوری پر مہر ثبت کر دی۔