اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
تفصیل کے مطابق پاک بحریہ کی جنگی مشق رباط 2021ء اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ آپریشنل مشق کے دوران بحیرہ عرب میں پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے مابین مشترکہ آپریشنز کو جانچا گیا۔
اس جنگی مشق کا مقصد پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لینا اور انہیں مستقبل کے خطرات کی مناسبت سے بہتر بنانا تھا۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اپنے خطاب میں امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نے کہا کہ آپریشنل مشقوں کا انعقاد جنگی حکمت عملی کی جانچ اور بہتری میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا ک پاک بحریہ ملک کو درپیش میری ٹائم چیلنجز اور ملکی سمندری حدود کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت, آپریشنل تیاری اورمشقوں کے کامیاب انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔