کوویکس کا ایک کروڑ 70 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز فراہم کرنیکا خط موصول ہوا ہے:اسد عمر

Published On 30 January,2021 08:19 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر( این سی او سی) نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ کوویکس کی جانب سے ایک کروڑ 70 لاکھ آسٹرازینکا ویکسین ڈوز فراہم کرنے کا خط موصول ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی کورونا ویکسین حکمت عملی کا سرپرائز آ گیا، این سی او سی کی پیشگی تیاری اور بروقت اقدامات کا نتیجہ آ گیا۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے قوم کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ کوویکس کی جانب سے ایک کروڑ 70 لاکھ  آسٹرازینکا ویکسین ڈوز فراہم کرنے کا خط موصول ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کورونا آسٹرازینکا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہونگی، 60 لاکھ ویکسین مارچ تک مل جائے گی۔ تمام 17 ملین ڈوزز 2021 کی پہلی ششماہی میں موصول ہو جائیں گی۔ کوویکس سے ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ آٹھ ماہ پہلے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹرازینکا ویکسین عوام کومفت فراہم کی جائے گی: ڈاکٹر فیصل سلطان

واضح رہے کہ  کوویکس  گلوبل الائنز فار ویکسین اینڈ امیونائزیشن (گاوی)، کوولیشن فار ایپیڈیمک پریپارڈنس انوویشنز (سی ای پی آئی) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا اتحاد ہے جو گزشتتہ سال اپریل میں قائم ہوا تھا۔ اس اتحاد نے پاکستان سمیت مختلف ممالک کی 20 فیصد آبادی کے لیے کورونا کی مفت ویکسین کی فراہمی کا عزم کیا ہوا ہے۔

پاکستان میں اب تک 3 کورونا یکسینز کی منظوری دی جاچکی ہے جن میں آکسفورڈ۔ایسٹرازینیکا، چین کی سائینوفارم اور روس کی اسپوتنک فائیو ویکسینز شامل ہیں۔ تاہم ایسٹریزینکا ویکسین تنازع کا شکار ہے کیونکہ اس کی افادیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں جبکہ یورپی یونین کو ویکسین کی فراہمی میں تاخیر پر اسے ممکنہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔

جرمنی کے رابرٹ کوچ انسٹی ٹیوٹ نے 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے اس کی افادیت پر سوال اٹھایا تھا اور اس کے لیے اس نے ویکسین کے تجرباتی مراحل کے ڈیٹا کا حوالہ دیا تھا۔

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ آسٹرازینکا ویکسین عوام کومفت فراہم کی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے لکھا کہ سائنوفام کی 5لاکھ خوراکیں پہلےکوارٹرمیں دستیاب ہوں گی۔ آسٹرازینکا کی 70لاکھ خوراکیں بھی پہلےکوارٹرمیں میسرہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ آسٹرازینکاویکسین عوام کومفت فراہم کی جائےگی۔ پاکستان میں ویکسین لگانےکاعمل آئندہ ہفتےشروع ہوجائےگا۔ ویکسین کاآغازہیلتھ کیئرورکرزسےکیاجائےگا۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا ویکسین لانے کیلئے پی آئی اے کے بجائے پاک فضائیہ کا طیارہ کل چین جائیگا

اس سے قبل چین سے 5 لاکھ ویکسین پاکستان لانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، کورونا ویکسین لانے کا پلان تبدیل کر لیا گیا ہے، ویکسین پاکستان لانے کیلئے پی آئی اے کی جگہ ائیر فورس کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین یکم فروری بروز پیر کو پاکستان پہنچنے کا امکان ہے، پہلی کھیپ میں کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں آئیں گی، پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ کورونا ویکسین پاکستان لائے گا، پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ ویکسین لانے کیلئے چین جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ 31 فروری کو چین روانہ ہو گا، خصوصی طیارہ بیجنگ سے کورونا ویکسین اسلام آباد لائے گا، چین کیلئے پاک فضائی کا طیارہ نور خان ایئربیس سے روانہ ہو گا، چین سے کورونا ویکسین خصوصی کنٹینر میں پاکستان لائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹینر، کولڈ باکسز، ڈرائی آئس ای پی آئی، این ڈی ایم اے فراہم کرے گی، کورونا ویکسین ای پی آئی کے مرکزی کولڈ سٹور میں زخیرہ ہو گی، ای پی آئی سے کورونا ویکسین صوبوں کو روانہ کی جائے گی۔

Advertisement