کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی کارکردگی پر وڈیو بیان میں کہا ہے کہ ان کا چراغ بجھنے والا ہے، سندھ میں اندھیر نگری چوپٹ راج کا قانون چل ہے، جس کی مثالیں سامنے آرہی ہیں۔
سندھ حکومت کی کارکردگی پر پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے وزیر اعلی سندھ جاتے ہوئے بقیہ رہ جانے والے غیرقانونی کام بھی کرکے جانا چاہتے ہیں۔ سندھ کی بیورو کریسی بھی وزیر اعلی کے ان غیر قانونی کاموں میں ہاتھ بنٹوا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکشن بورڈ ون کے اجلاس میں نیب زدہ افسران کو پروموٹ کیا گیا۔ عدالت کے حکم کے خلاف کافی افسران کو19 گریڈ سے 20 گریڈ میں پروموٹ کیا گیا ہے۔ اڑھائی ارب پنشن کیسز میں کرپشن کرنے والے سلیم باجاری کو جامشورو کا اکاونٹ افسر لگایا گیا۔ وزیراعلیٰ کا چراغ بجھنے والا ہے، افسران غیر قانونی کاموں میں ساتھ نہ دیں۔