پشاور: (دنیا نیوز) عوام کو کورونا ویکسین لگانے کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ صوبے میں 280 سینٹرز ویکیسن لگانے کےلئے مختص کر دیئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے پریس کا نفرس کرتے ہوئے کہا کہ جو فرد ویکسین خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا، اسے ویکسین مفت لگائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے کے لئے خود کو رجسٹرڈ کرنا ہوگا۔ پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جائے گی۔ چونسٹھ ہزار ہیلتھ ورکرز خود کو ویکسین لگوانے کے لئے رجسٹریشن کر چکے ہیں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ میڈیم شاہین کا کہنا تھا کہ ویکسین کے حوالے سے پوری دنیا میں ٹرائل ہو چکے ہیں۔ ویکسین لگانے سے معمولی درد یا سوجن ہو سکتی ہے۔
وزیر صحت کے مطابق بدھ کے دن سے وزیراعلیٰ خود ویکسین لگانے کا افتتاح کریں گے۔