لاہور: فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی ختم

Published On 31 January,2021 10:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کر دی ہے۔

اس سلسلے میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی اداروں کے 50 فیصد ملازمین گھر سے کام (ورک فرام ہوم) کریں گے۔

ریسٹورنٹس، ہوٹل اور تمام قسم کے فوڈ پوائنٹس کھانے پینے کے انتظامات صرف کھلی جگہوں پر کر سکیں گے۔ کھانے کے لیے بیٹھنے کا انتظام باہر کھلے ایریا میں ایس او پیز کے مطابق سماجی فاصلے کو قائم رکھتے ہوئے کیا جا سکتا ہے۔

تمام پارکس اور تفریحی مقامات شام 6 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ شادی بیاہ ودیگر تقریبات کے انتظامات بھی صرف کھلی جگہوں پر کیے جا سکیں گے۔ کسی بھی تقریب کا انتظام ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے کھلی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ 300 افراد کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ ہالز کے اندر کسی بھی قسم کی پرہجوم تقریب پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔

جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں اور فوڈ پوائنٹس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کوروناسے بچاؤ کے پیش نظر فوڈ پوائنٹس پر انڈور کھانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

کیپٹن (ر) محمد عثمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ ماسک پہنیں، بار بار ہاتھ دھونے، بلا ضرورت کسی بھی سطح کو چھونے اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے جیسے ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ ایس او پیز پر عمل اور احتیاط کرتے ہوئے ہم سب حالات میں مزید بہتری لا سکتے ہیں۔
 

Advertisement