امتحانات کا دورانیہ 3 گھنٹے سے کم کر کے 2 گھنٹے کر دیا: سعید غنی

Published On 02 February,2021 03:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ بچوں کی تعلیم کے نقصان کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، امتحانات کا دورانیہ 3 گھنٹے سے کم کر کے 2 گھنٹے کر دیا، سوالات کا طریقہ کار تبدیل کیا، نئے طریقہ کار کا امتحانی ماڈل پیپرز جلد جاری کر دیں گے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نئے طریقہ کار کا امتحانی ماڈل پیپرز جلد جاری کر دیں گے، کالجز میں 13 ہزار 966 کورنا ٹیسٹ کرچکے ہیں، کالجز میں کیے جانیوالے ٹیسٹوں میں سے 266 مثبت کیسز ہیں، کورونا مثبت کیسز کے باعث 2 کالجز بند کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں 11 ہزار 845 کورونا ٹیسٹ کیے جن میں سے 546 مثبت آئے، کوشش ہے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹوں کا عمل تیز کیا جائے، کوشش ہے روزانہ جتنے زیادہ سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کرسکیں کریں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ کے محکمہ تعلیم نے بہت کام کیا ہے، جن سکولوں کی نہ بلڈنگ ہے نہ اساتذہ اور طلبا انہیں فہرست سے نکال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو شرم نہیں آتی ایک طرف اراکین سے ملاقاتیں کر کے نقب لگا رہے ہیں، دوسری طرف پی ٹی آئی کہتی ہے خرید و فروخت نہیں ہونی چاہیے، وفاقی حکومت مافیاز کی حکومت ہے، یہ آٹا، چینی اور ادویات چوری کرنیوالے مافیاز کی حکومت ہے۔
 

Advertisement