اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے 18 بینک اکاؤنٹس چھپائے، پی ٹی آئی کو فارن فنڈنگ کا حساب دینا پڑے گا، حکمرانوں کے ڈھونگ، ڈرامے اور ناٹک اب نہیں چلیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے تمام ثبوت الیکشن کمیشن کے سامنے آچکے، وزیراعظم نے کہا اوپن ٹرائل کی حمایت کرتا ہوں، سکروٹنی کمیٹی میں پی ٹی آئی وکیل کہتے ہیں سب کچھ خفیہ رکھا جائے، یہ صرف ٹی وی پر کردار کشی ہی کر سکتے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ٹیلیفون پر بات چیت کا ڈرامہ کیا، عمران خان نے پارٹی کے لوگوں کی کالز لیکر میڈیا کا وقت ضائع کیا، وزیراعظم نے وہی باتیں کیں جو 3 سال پہلے کنٹینر پر کرتے تھے، پی ٹی آئی ہمارے منصوبے بھی مکمل نہیں کرسکی۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کے منصوبے ادھورے ہوں تو ان کی پڑتال ہوسکتی ہے، مگر پی ٹی آئی کے ادھورے منصوبوں کی نیب پڑتال نہیں کرسکتا، بی آر ٹی زیر تکمیل ہے اس لئے نیب اس پر تحقیقات نہیں کرسکتا، زیر تکمیل منصوبے پر تحقیقات نہیں ہوسکتیں تو بی آر ٹی پشاور جب تک پی ٹی آئی کی حکومت ہے زیر تکمیل ہی رہے گا۔