اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا رویہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے، ہندوتوا نظریے پر کار فرما ہو کر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو دیوار سے لگا رہا ہے، جبر و استبدار سے حریت تحریک کو مزید تقویت ملی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، نہتے کشمیریوں کے گھروں کو نذر آتش کیا گیا، گزشتہ 18 ماہ سے مقبوضہ وادی میں مکمل بلیک آؤٹ ہے، بھارت نے حریت رہنماؤں کو قید کر رکھا ہے، بھارتی میڈیا بھی مودی سرکار کے کارناموں پر آواز بلند کر رہا ہے، عالمی سطح پر پاکستان کی جانب سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 5 اگست کے غیر آئینی اقدامات کے بعد مسئلہ کشمیر 3 بار اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حمایت جاری رکھے گا۔