پی ایس ایل 6: کولن منرو اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی سے دستبردار

Published On 02 February,2021 04:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) بگ بیش لیگ کے خاتمے کے بعد نیوزی لینڈ واپسی پر قرنطینہ کی جگہ ملنے میں مشکلات پیش آنے کے بعد کیوی اوپنر کولن منرو نے پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں کووڈ 19 پروٹوکول کے تحت ملک میں داخل ہونے کے خواہشمند افراد کو لازمی ہے کہ وہ پہلے سے ہی اپنے لیے قرنطینہ کی جگہ کی بکنگ کروائیں، منرو جو اس وقت بگ بیش لیگ میں پرتھ سکارچرز کے لئے کھیل رہے ہیں پہلے ہی درخواست دینے میں دیر کرچکے ہیں اور انہیں مئی کے وسط میں قرنطینہ کے لیے جگہ مل سکی ہے۔

کولن منرو نے کہا کہ مجھے رواں سال اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی نہ کرنے کا افسوس رہے گا کیونکہ وہاں میرے ساتھ بہترین سلوک ہوتا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جانتے ہوئے برقرار رکھا کہ میں بگ بیش کے بعد سیدھے وہاں جاؤں گا لیکن میں وقت پر کوئی قرنطینہ کی جگہ بک نہیں کرواسکا۔ پی ایس ایل 22 مارچ کو ختم ہوگی اور میں مئی کے وسط تک واپس جاسکتا ہوں اور وہاں بھی 2 ہفتوں کا قرنطینہ کرنا پڑے گا لیکن دنیا کے جو حالات ہیں اسے دیکھتے ہوئے یہ سب بھی رسک ہی لگ رہا ہے۔

کولن منرو نے کہا کہ وہ گھر والوں کے ساتھ کچھ اور وقت گزاریں گے اور اس کے بعد مستقبل کے مقابلوں کے لیے خود کو تیار کریں گے ۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی میں ہونا ہے جبکہ اس کا اختتام 22 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔
 

Advertisement