لاہور میں پی ایس ایل 6 کی ڈرافٹنگ، تمام فرنچائز نے سکواڈز منتخب کر لئے

Published On 10 January,2021 09:53 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے نام ایک مرتبہ پھر پاکستان سپر لیگ سے جڑ گئے۔ لاہور میں لیگ کی ڈرافٹنگ ہوئی۔ تمام چھ فرنچائز نے سکواڈز منتخب کر لئے۔ راشد خان اور کرس گیل بھی لیگ کا حصہ بن گئے۔

تفصیل کے مطابق کونسا ستارہ کس ٹیم کی قسمت جگمگائے گا، فیصلہ ہو گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کیلئے فرنچائز نے سکواڈز کو حتمی شکل دیدی ہے۔

سپر کرکٹ میلے کے لئے سپر کھلاڑی چن لئے گئے ہیں۔ کوئی کھلاڑی تو اپنی پہلی ٹیم میں ہی رہا تو کئی ایک نے راستے جدا کئے۔ ٹی ٹونٹی کے عالمی نمبر ون باؤلر راشد خان پہلی مرتبہ لیگ میں جلوہ گر ہونگے۔ افغان سپنر لاہور قلندر کا حصہ بن گئے ہیں۔

شاہین آفریدی اور محمد حفیظ چٹھے ایڈیشن میں بھی ٹیم سے جڑے ہیں۔ دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے کولن انگرم کی بگ ہٹنگ پر بھروسہ کیا ہے۔ بابر اعظم، محمد عامر اس بار بھی کراچی کے ساتھ ہیں۔

پشاور زلمی نے جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر کو پلاٹینم کیٹگری میں پک کیا۔ شعیب ملک کی بیٹنگ اور وہاب ریاض کی باؤلنگ کا تجربہ پھر ٹیم کے کام آئے گا۔

کرس گیل کی لیگ میں واپسی ہوئی ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے چوکے، چھکے لگائیں گے۔ جارح مزاج انگلش اوپنر ٹام بیٹن بھی ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

حسن علی نے پشاور زلمی کو بائی بائی کیا اور اسلام آبا یونائٹیڈ کو جوائن کر لیا۔ ایلکس ہیلز کو بھی اس مرتبہ یونائیٹڈ بھا گئے۔ قلندر کے کرس لین سلطان بن گئے۔ ملتان سلطانز نے آسٹریلوی بلے باز کو منتخب کیا۔ شاہد آفریدی بھی ملتان سلطانز کا حصہ رہیں گے۔

ڈرافٹنگ میں مجموعی طور پر 37 غیر ملکی کھلاڑی لیگ سے منسلک ہوئے ہیں جو 20 فروری سے ایکشن میں دکھائی دینگے۔
 

Advertisement