اسلام آباد: (دنیا نیوز) راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نمبرز پورے نہیں، چینی چور ترمیم کرنے جا رہے ہیں، حکومتی ارکان بھی انہیں ووٹ نہیں دیں گے، وزراء نے بھی ایڈوانس پکڑ رکھا ہے، شرم ملتی تو انہیں لا کے دیتا۔
سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز سے بات کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، احتجاج پر حکومتی اراکین نے نوید قمر کو گالیاں دیں، آپ ہمیں بے نقاب نہیں کر رہے، خود ایکسپوز ہو رہے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے ڈپٹی سپیکر سے گارڈز ہٹانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، گارڈز ہٹا دیئے جائیں، 18 ویں ترمیم کے دوران ہمارے پاس نمبرز نہیں تھے، عمران خان سے گزارش ہے کہ آپ کو جولوگ خوش کر رہے ہیں، ان کی باتوں پر نہ جائیں، ان لوگوں نے ایسی باتوں سے نواز شریف، مشرف اور چودھریوں کو بھی خراب کیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ حکومت نے کشمیر کا سودا کر دیا، عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے، ہم تو ایوان میں قومی معاملات پر بات کرنے کے خواہاں ہیں، نا تجربہ کاری کی وجہ سے ماحول خراب کیا گیا، یہ ڈیسک بجا بجا کر ایوان میں اپوزیشن کا کام کر رہے ہیں، عمران خان نے کہا تھا آٹا، بجلی کی قیمت بڑھے تو وزیراعظم چور ہے، آج بجلی، آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، موجودہ وزیراعظم چور ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وزرا کی حرکات کی وجہ سے وزیراعظم ایوان میں نہیں آتے، وزرا ترمیم پاس نہیں ہونے دینا چاہتے۔