لاہور: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو نشانے پر رکھ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے خسارے میں رہیں گے، آئیں لانگ مارچ کریں، وہ تیار بیٹھے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مریم نواز، فضل الرحمان کی ایک لائن، بلاول دوسری لائن پر ہیں، یہ سینیٹ الیکشن بھی ایک ساتھ نہیں لڑ سکتے، ان کی سازشیں ناکام ہوں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کے دو تین رہنماؤں نے تماشا لگا رکھا ہے، ہر وقت ایک ادارے کو ٹارگٹ کریں گے تو ردعمل تو ہوگا، امید ہے مریم، فضل الرحمان ترجمان افواج پاکستان کی بات کو سمجھیں گے، فوج پر دباؤ کا مقصد جمہوری حکومت کو گرانا ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور فضل الرحمان فوج کو ٹارگٹ کرتے ہیں، ترجمان افواج پاکستان نے قیاس آرئیوں سے متعلق واضح بات کی، فوج حکومت کے ماتحت ادارہ ہے، اس کو متنازعہ نہ بنایا جائے، بیان بازی کا مقصد فوج پر دباؤ ڈالنا ہے، فوج پر دباؤ کا مقصد جمہوری حکومت کو گرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے ایسا کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا فوج نے اپنی بات سب کے سامنے رکھی ہے، فوج کے خلاف سیاست کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔