کراچی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس اہمیت اختیار کر جائے گا اور پناما ٹو بنے گا، مریم نواز کی مزید جائیدادیں سامنے آنیوالی ہیں، مریم نواز کو مشورہ ہے وہ دستاویز پڑھیں یا کسی سے پڑھوائیں، اپوزیشن لانگ مارچ کرے بھرپور تعاون کریں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے نادرا سینٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر اپوزیشن نے تعاون کیا، فضل الرحمان دعوت دیتے تو اسرائیل کیخلاف ریلی میں شامل ہوتا، فضل الرحمان سب سے زیادہ خسارے میں رہنے والے ہیں، ان کے ساتھ پہلے بھی ہاتھ ہوا، اب بھی ہوگا، ختم نبوت کیخلاف قانون میں فضل الرحمان نے ن لیگ کا ساتھ دیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہا کہ کراچی کو مکمل طور پر سیف سٹی بنایا جائیگا، کراچی میں کیمرے لگانے کیلئے رینجرز کو ہدایت کی، اپنی ذمہ داریوں میں کسی کو مداخلت نہیں کرنے دوں گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ملک بھر میں تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں نادرا دفاتر کھولنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے مزید 3 سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، نادرا کی 300 نئی گاڑیاں تیار ہو رہی ہیں، نادرا کی 16 گاڑیاں کراچی میں آپریشنل ہیں، پاسپورٹ میں چِپ لگا کر ای پاسپورٹ کرنے جا رہے ہیں۔