اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان کے مابین دیرینہ تعلقات استوار ہیں ،جاپان نےمشکل حالات میں بھی ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے پاکستان میں جاپان کے سفیر کینو نوری متسودا نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں جاپان کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا کے خلاف مدد پر جاپان کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔ جاپان کے سفیر نے پاکستان میں امن وامان سے متعلق اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی کے لئے پرامید ہیں۔
جاپانی سفیر نے آئی سی ٹی کی سیکیورٹی اور پولیس چیک پوسٹوں کے حوالے سے حالیہ اقدامات کی تعریف کی۔ غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کرنے سے عوام کی آمدورفت میں سہولیات پیدا ہوئی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پولیس کی پیشہ وارانہ تربیت کے حوالے سے جاپان کی حکومت سے تعاون لیں گے۔ وزرات داخلہ کے مختلف منصوبوں میں جاپانی حکومت کے مالی اور تکنیکی تعاون پر مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باہمی اشتراک بڑھانے اور ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔