اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہوائی اڈوں پر بہترین سہولتوں کی دستیابی کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے بدھ کے روز وفاقی دارلحکومت میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے دورے میں کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔
شیخ رشید احمد نے ائیرپورٹ پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اثاثہ قرار دیا۔
انہوں نے وفاقی تحقیقاتی ادارے، ترک وطن، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس اور کسٹمز کے محکموں کو مسافروں کی بہترین ممکنہ طریقوں سے دیکھ بھال کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر 192 ملکوں کے شہریوں کو آن لائن ویزہ سہولتیں دی ہیں کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ آن لائن ویزہ حاصل کرنے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہیے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ دوماہ کے اندر لوگوں کو ای پاسپورٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کیلئے پاسپورٹ کی معیاد دس سال بڑھا دی گئی ہے۔