اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے (ن) لیگ کی رہنما مریم نواز کو مشورہ دیا ہے کہ وہ براڈ شیٹ پڑھ لیں، ان کیخلاف پاناما ٹو کھلنے جا رہا ہے۔
وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی انتظامیہ، پولیس اور ایف سی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پی ڈی ایم کے جلسے میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی، نتیجہ سب نے دیکھ لیا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ خود میڈیا کہہ رہا تھا کہ جلسے میں ڈھائی یا تین ہزار لوگ تھے، جھنڈے اور لیڈر بہت تھے لیکن کارکن نہیں تھے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب دینی طلبہ نے گن اٹھائی تھی، آپ پرویز مشرف کے ساتھ تھے، آپ بچوں کو ورغلا رہے ہیں لیکن کوئی نہیں آیا۔ یہ اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ پاک فوج کے خلاف زبان بھی استعمال کر رہے ہیں۔ فوج کے خلاف غیر اخلاقی بات کرنے والوں کو قیمت چکانا پڑے گی۔ انہوں نے دوبارہ پی ڈی ایم قیادت کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر محمود خان اچکزئی کی تقریریں ہوئیں تو پھر حالات شاید ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو براڈ شیٹ کو پڑھے بغیر تبصرہ نہیں کرنا چاہیے۔ عمران خان نے تو چالیس ہزار لوگوں کا ڈیٹا دیا، آپ لوگ چالیس لوگوں کا ڈیٹا دیدیں۔
وزیر داخلہ نے پی ڈی ایم کو پیشکش کی کہ حکومت آپ کے لانگ مارچ کو بھی خوش آمدید کرے گی۔ لانگ مارچ کل کے بجائے آج کرو۔