راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ یا عدم اعتماد تک جائے گی، سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو، فضل الرحمان کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا چاہیے تاکہ جمہوریت مضبوط ہو۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوپن ووٹنگ میں اپوزیشن کو حصہ لینا چاہیئے، روز ایسے مواقع نہیں آتے، وزیراعظم چاہتے ہیں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو، عمران خان چاہتے ہیں ممبر میں جرات ہو وہ سینہ تان کر ووٹ دے سکے، سینیٹ الیکشن مارچ میں ہوں گے، سینیٹ انتخابات جمہوریت کو مزید مضبوط کریں گے، مولانا فضل الرحمان کے غصے میں کافی حد تک کمی ہوئی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحاریک سے حکومتیں نہیں جاتیں، ہم نے 126 روز دھرنا دیا، بالآخر سیاست میں مذاکرات کرنے پڑتے ہیں، جمہوریت کو طاقت مذاکرات سے ملتی ہے، جو مذاکرات کے دروازے بند کرتے ہیں وہ جمہوریت کو ڈی ریل کرتے ہیں، جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے وہ اپنے فیصلوں پرٖ غور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہی کریں گے جو پی ڈی ایم کرے گی، کوشش ہے ایسا ہی رویہ رکھیں جیسا پی ڈی ایم کے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج پر رکھا۔