لاہور: (دنیا نیوز)اثاثہ جات کیس میں لاہور لائیکورٹ نے نون لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کی عبوری ضمانت میں 10 مارچ تک توسیع کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر پر مشتمل دو رکنی بنچ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں رانا ثناء اللہ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، رانا ثناءاللہ اپنے وکیل امجد پرویز اور اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب کی طرف سے سپیشل پراسکیوٹر سید فیصل رضا بخاری بھی پیش ہوئے۔
اعظم نذیر تارڑ نے موقف اختیار کیا کہ دو درخواستیں جمع کروائی ہیں ،ایک کیس میں نیب نے جواب دے دیا اور جس میں چیئرمین نیب کے دائرہ اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے، اس میں نیب کا جواب نہیں آیا۔ عدالت نے نیب پراسکیوٹر فیصل رضا بخاری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ رانا ثناءاللہ کے وکلاء کو جواب فراہم کر دیں۔درخواست گزار رانا ثنا کا کہنا تھا کہ درخواست میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، نیب آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام کے تحت انکوائری کر رہا ہے، چیئرمین نیب نے اپنے اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے انکوائری کی منظوری دی، نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں، نیب ان اثاثوں کی تحقیقات کر رہا ہے جن پر اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کی رقم سے بنانے کا الزام لگایا گیا ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ نیب کی طلبی نوٹسز کے بعد مسلسل نیب آفس میں پیش ہو رہا ہوں، انکوائری کے دوران نیب کی طرف طلبی پر پیش ہوں گا، عبوری ضمانت منظور کی جائے۔