لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ شہبازشریف کو جیل میں ڈالنے کا جتن کررہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا بیان مسترد کرتے ہیں، شیخ رشید جیسے سیاسی گیدڑ ہی نیب نیازی گٹھ جوڑ کو ٹارزن سمجھ سکتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف کی اصل طاقت پاکستان کے عوام ہیں، اللہ کے سوا کسی کا خوف نہیں۔ پوری کی پوری حکومت شہبازشریف کے خوف میں مبتلا ہے۔ سیاسی یتیموں کے ستارے گردش میں ہیں، اس لئے چیخیں نکل رہی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عید الفطر کے بعد نیب دوطرفہ ٹارزن بنے گا۔ مارکیٹ میں آنے والا نیب آرڈیننس کا مسودہ جعلی ہے، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی چاہتی ہے نیب آرڈیننس تبدیل ہو جائے۔
چینی چوروں کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پی) اور چینی چوروں کو نکیل ڈال دی۔
فردوس عاشق اعوان کے معاون خصوصی اطلاعات و نشریات کے عہدے سے ہٹائے جانے پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے بعد اب فردوس عاشق اعوان بھی کہیں گی مجھے کیوں نکالا۔
وفاقی وزیر ریلوے پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا نام بھول گئے، اس دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس پر بھی تنقید کی۔
لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ریلوے کی تنظیم نو کررہے ہیں اور ہم تیار ہیں جب وزیراعظم حکم دیں گے 24 گھنٹوں میں ٹرین چلادی جائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 30 ٹرینیں چلانے کے لیے تیار کردی گئی ہیں اور تمام تر مشکلات کے باوجود تنخواہوں اور پنشن میں کٹوتی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کورونا وائرس کے پیشِ نظر چین سے آنے والا طبی سامان اور تشخیص کے آلات نیشنل ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے ریلوے کو بھی فراہم کیے ہیں جو ہر اسٹیشن پر موجود ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا اس وقت بغیر آمدن کے 5، 5 ارب روپے تنخواہ دی گئی ہے اور اب صرف ایک تنخواہ کی گنجائش بچی ہے ورنہ ریلوے کو مزید سبسڈی لینی پڑے گی اور واضح کیا کہ ریلوے سے کسی ملازم یا افسر کو نہیں نکالا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نیب کے ترمیمی آرڈیننس میں ابھی تبدیلی نہیں کی جائے گی جبکہ 18ویں ترمیم کے حوالے سے بھی وقت درکار ہے۔
شیخ رشید نےکہا کہ شہباز شریف پوری کوشش کررہے ہیں کہ بھائی کے آپریشن کے باعث باہر چلے جائیں لیکن ان کے ستارے گردش میں ہیں۔