لاہور: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورتحال بہت خراب ہے۔ ملک سنگین صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’اختلافی نوٹ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی صورتحال بہت خراب ہے۔ ٹیکس ریونیو کا ہدف پورا ہوتا نظر ںہیں آ رہا۔ اگر حالات تبدیل نہ ہوئے تو ملک سنگین صورتحال سے دوچار ہو سکتا ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو خود مختار بنایا جائے۔ الیکشن ترامیم کے بغیر الیکشن کمیشن کو بااختیار نہیں بنایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء الیکشن میں الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔ دوبارہ سے الیکٹرول ریفارمز ہونی چاہیں۔
ایک اور اہم سوال کا جواب دتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی پیپلز پارٹی، جے یو آئی اور ن لیگ کا فیصلہ ہے۔ اس تبدیلی کے بعد الیکشن اصلاحات کی جائیں گی۔