لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھائی سال سے ویڈیو عمران خان کے پاس تھی اسے چھپایا گیا، وزیراعظم کو اس ویڈیو میں خیبرپختونخوا کے وزیر قانون کیوں نظر نہیں آئے۔
ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں چودھری سرور کے پاس 34 ووٹ تھے، ان کے 45 ووٹ کیسے نکلے، اسی طرح کی ویڈیو پنجاب سے بھی سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پیسے دے کر ارکان کو خریدا گیا، انہوں نے پیسوں سے لوگوں کے ضمیروں کا سودا کیا، کل پوری پاکستانی قوم نے کرپشن کا عالمی ریکارڈ ٹوٹتے دیکھا، اگر یہ مدینہ کی ریاست ہوتی تو عمران خان جیل میں ہوتے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وہ عمران خان جو دوسروں کو چور کہتے ہیں، وہ خود چوروں کے سردار ہیں، دوسروں پر بکنے کا الزام لگاتے ہیں، کل پوری قوم نے دیکھا کہ کون بکا ہے، سپریم کورٹ کے سماعت کرنے سے ایک دن پہلے ویڈیو ریلیز کی گئی۔
دوسری جانب لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ احتساب کی وجہ عمران کی نفرت، جھوٹ اور بہتان ہے، عمران خان نیازی چپڑاسیوں، خانساموں کے نام پر پیسہ لیتا رہا، جلد عمران خان کے بھی فالودے والے سامنے آجائیں گے۔