اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین نے پاکستان کو کورونا کیخلاف کوششوں اور معیشت کی بحالی کیلئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق چین نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف کوششوں، معیشت کی بحالی اور سماجی ترقی میں پاکستان کی ضروریات کے مطابق اس سے تعاون جاری رکھے گا۔
اس بات کی یقین دہانی چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ وین بن نے منگل کے روز بیجنگ میں معمول کی بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کروائی۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کورونا وائرس کی وباء پھوٹنے کے بعد سے ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں اور یہ ٹھوس اقدامات ہماری سدا بہار دوستی کی علامت ہیں۔
رواں سال منائی جانے والی پاک چین ڈپلومیٹک تعلقات کے قیام کی 70 ویں سالگر ہ کاحوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہم ایک ساتھ اپنی تقریبات کی سرگرمیوں کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے اور اپنے باہمی تعلقات کو نئی قوت دیں گے۔